بنگلورو،26؍جون(ایس او نیوز) ریاستی وزیر برائے صحت و خاندانی بہبود ڈاکٹرکے سدھاکر نے آج کہا کہ ریاست میں ڈیلٹا پلس وائرس سے متاثر ہونے کا کوئی سنجیدہ معاملہ اب تک سامنے نہیں آیاہے۔اس طرح کے کسی بھی وائرس سے نمٹنے احتیاطی اقدامات کئے گئے ہیں۔
یہاں بنگلورو میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈیلٹا پلس سے متعلق ماہرین نے مناسب مشورے دئے ہیں۔علاج میں مناسب تبدیلی کرنے کا مشورہ دیا ہے۔اسی طرح اس کے علاج میں دوائیاں تبدیل کرنے کو بھی کہا ہے۔آج یہاں وزیراعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا کی صدارت میں منعقدہ ریاستی وزراء کے اجلاس میں ڈیلٹا پلس پر تفصیلی بحث و مباحثہ ہوا۔ اس اجلاس میں اس وائرس سے نمٹنے کے لئے حکومت سے کئے گئے احتیاطی تدابیر کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈیلٹاپلس وائرس کا پتہ چلتے ہی متاثرین کا علاج کرنے ریاست میں تیاری کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عوام کو ڈیلٹا پلس وائرس سے متعلق زیادہ خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔ ریاست یا بنگلورو میں ڈیلٹا پلس وائرس سے متاثر ہونے کی اب تک شناخت نہیں ہوپائی ہے۔